نیتن یاہو نے کہا کہ ہمیں نقصان پہنچانے والےبھاری قیمت ادا کررہے ہیں— فوٹو: فائلاسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے یمن کے حوثیوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں نقصان پہنچانے والے غزہ کو دیکھ لیں، ہمیں نقصان پہنچانے والےبھاری قیمت ادا کررہے ہیں۔نیتن یاہو نے کہا کہ یمن کی حدیدہ بندرگاہ پر اسرائیل پہلے ہی حملہ کرچکا ہے، اسرائیل لبنان سرحد کو بھی جلد محفوظ بنائیں گے۔ لبنان کی سرحدکے ساتھ بسے ہزاروں اسرائیلی گھر چھوڑ کر اندرون اسرائیل منتقل ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل لبنان پربڑے حملےکی تیاری کررہا ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا دھمکی آمیز بیان آج یمنی حوثیوں کی جانب سے اسرائیل پر ہائپر سونک میزائل سے حملہ کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔حوثیوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل حملے میں اسرائیلی دار الحکومت تل ابیب کے قریب ایک عسکری ہدف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فضائی دفاعی نظام میزائل کو روکنےکے لیے متحرک ہوا لیکن وہ میزائل کو روکنے میں ناکام رہا۔